صفحات

ہفتہ، 24 جنوری، 2015

امام اعظم ابو حنیفہؒ کا خواب میں اللہ کا دیدار کرنا اور غیر مقلدین کے اعتراض کا جواب



در مختارمیں امام ابو حنیفہؒ کا ایک واقعہ بیان کیا گیا ہے کہ امام صاحبؒ نے اللہ کی خواب میں زیارت کی اور اس واقعے کو بنیاد بنا کر غیر مقلدین اعتراض کرتے ہیں کہ حنفیوں نےغلو کیا ہے ،حنفی جھوٹے ہیں اور امام ابو حنیفہؒ بھی جھوٹے ہیں کیونکہ اللہ کی خواب میں زیارت نہیں ہو سکتی ، جو یہ دعوی کرتا ہے وہ جھوٹا ہے،وغیرہ وغیرہ۔ 
سب سے پہلی بات یہ ہے کہ امام ابو حنیفہؒ کا اللہ کی خواب میں زیارت کا واقعہ صرف احناف نے نقل نہیں کیا بلکہ یہ واقعہ شیخ یوسف صالح الشافعیؒ نے اپنی کتاب ''عقود الجمان فی مناقب ابی حنیفہ النعمان'' میں نقل کیا ہے جو کہ شافعی مسلک سے تعلق رکھتے ہیں۔
کیا غیر مقلدین یہ اعتراف کریں گے کہ شیخ یوسف صالح شافعی ؒ بھی غلو کر رہے ہیں اور یہ واقعہ نقل کرنے کی وجہ سے کذاب ہیں؟؟؟ 

اس کے علاوہ امام احمد بن حنبلؒ کا اللہ کی خواب میں زیارت کا واقعہ امام ابن جوزیؒ کی کتاب '' مناقب امام احمد بن حنبل'' میں اور امام ذہبیؒ کی کتاب ''سیر اعلام النبلاء'' میں ذکر کیا گیا ہے۔اب غیر مقلدین سےسوال ہے کہ کیا امام احمد بن حنبلؒ بھی کذاب ہیں؟؟ اور ان کا واقعہ نقل کرنیوالے امام ابن جوزیؒ اور امام ذہبیؒ بھی کذاب ہیں؟؟

رہی بات کہ اللہ کی خواب میں زیارت ہو سکتی ہے یا نہیں تو غیر مقلدین اگر اپنےہی مستند علماء کی کتابیں پڑھ لیتے تو اس بات کا انکار نہیں کرتے۔

غیر مقلدین کے شیخ الکل نذیر حسین دہلوی فتاوی نذیریہ میں کہتے ہیں کہ''اگر کوئی یہ دعویٰ کرے کہ میں نے اللہ تعالیٰ کو خواب میں دیکھا ہے تو یہ جائز ہے ،''(فتاوی نذیریہ،جلد 1 صفحہ 61) 
شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ نقل کرتے ہیں کہ ''جس نے خواب میں الله تعالی کو دیکها تو دیکهنے والا اپنی حالت کے مطابق الله تعالی کو کسی صورت میں دیکهے گا ، اگر وه آدمی نیک هے تو الله تعالی کو اچهی صورت میں دیکهے گا ، اسی لئے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے الله تعالی کو خوبصورت اور بہترین صورت میں دیکها''(مجموع الفتاوی ، جلد ٥ ، صفحہ ٢٥١)
شیخ ابن بازؒ اپنے فتاوی میں لکھتے ہیں کہ ''دنیا میں کوئی شخص اللہ تعالیٰ کو آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ لیکن خواب میں اس کی زیارت ہوسکتی ہے اور دلوں کے حالات کے مطابق قلبی مکاشفات اور مشاہدات ہوسکتے ہیں۔''(فتاوی ابن باز،جلد دوم صفحہ 127) 
اور یہی فتوی سعودیہ کی فتاوی لجنہ الدائمہ کی کمیٹی کا بھی ہے(فتاوی،جلد2 صفحہ 235) 
غیر مقلدین سے سوال یہ ہے کہ اگر تمہارے نزدیک اللہ کی خواب میں زیارت ممکن نہیں اور جو اس کو جائز کہتا ہے وہ جھوٹا ہے تو اُمید ہے کہ ان کا یہ جھوٹا ہونے کا فتوی نذیر حسین دہلوی، ابن تیمیہؒ، ابن بازؒ اور امام احمد بن حنبلؒ کا واقعہ نقل کرنیوالے محدثین پہ بھی لگے گا۔

غلامِ خاتم النبیین ﷺ
محسن اقبال


کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں